اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور وزیر مملکت زرتاج گل نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے موسمیاتی تبدیلی کے شعبہ کے لئے اہداف اور دو سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے گرین منشور دیا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت صاف و سرسبز پاکستان …
معاون خصوصی ملک امین اسلم اور وزیر مملکت زرتاج گل کی حکومت کی دو سالہ کاکردگی کے حوالے سے میڈیا بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور وزیر مملکت زرتاج گل نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے موسمیاتی تبدیلی کے شعبہ کے لئے اہداف اور دو سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے گرین منشور دیا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت صاف و سرسبز پاکستان کی تشکیل کے لئے حکومتی کوششوں کی کامیابی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے۔ دس بلین ٹری سونامی‘ کلین گرین انڈیکس‘ الیکٹریکل وہیکل پالیسی‘ پلاسٹک بیگز پر پابندی اور حیاتیاتی تنوع کے لئے محفوظ علاقوں کے تحفظ و فروغ کے منصوبے شروع کرنا موجودہ حکومت کے انقلابی اقدامات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں حکومت کی دو سالہ کاکردگی کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر برائے اطلااعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز‘ مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد‘ وزیر مملکت علی محمد‘ شہریار آفریدی اور مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا کو درپیش تین بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ پانچ ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صورتحال کی سنگینی کا بروقت ادراک کرتے ہوئے نہ صرف گرین منشور پیش کیا بلکہ حکومت میں آنے کے بعد اس سلسلے میں تاریخی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے پانچ بڑے منصوبے شروع کئے ہیں جو ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں کمی لانے کے لئے مددگار ثابت ہوں گی۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ دس بلین ٹری سونامی پراجیکٹ عظیم منصوبہ ہے تاہم اسے پورے ملک میں نافذ کرنے کے لئے تمام وفاقی اکائیوں کو اکٹھا کرنا ایک بڑا چیلنج تھا جس میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وفاق اور صوبوں کے اشتراک سے پورے ملک میں نافذ کیا جارہا ہے۔ منصوبے کے تحت پچاس کروڑ درخت لگائے جاچکے ہیں جبکہ اگلے سال جون تک ایک ارب درخت لگانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہماری نرسریوں میں پانچ کروڑ پودے تھے اور اب یہ تعداد 30 کروڑ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلین گرین انڈیکس معاشرتی سوچ کی تبدیلی کا پروگرام ہے۔ صفائی نصف ایمان ہے اور یہ پروگرام اس تصور کو عام کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت سبزے اور صفائی کے حوالے سے 35 اشاریے متعین کئے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر اس پروگرام کو بیس شہروں میں متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان‘ رواں ماہ اس انڈیکس کے نتائج کا اعلان کریں گے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ حکومت نے آلودگی کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کے لئے الیکٹرک وہیکل پالیسی متعارف کرائی ہے کیونکہ یہ 21 ویں صدی کی ضرورت ہے۔ پالیسی کے تحت گاڑیوں کو بتدریج بجلی پر منتقل کیا جائے گا جس سے گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف رکھنے کے لئے موجودہ حکومت کا ایک اور انقلابی اقدام پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنا تھا۔ اس کا آغاز وفاقی حکومت نے اسلام آباد سے کیا جس کی تقلید کرتے ہوئے صوبوں نے بھی قانون سازی کرکے پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کی۔ اس اقدام کے حوصلہ افزاءنتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیکٹڈ ایریاز کا تحفظ اور ان کا فروغ حیاتیاتی تنوع کے لئے بہت اہم ہے۔ موجودہ حکومت نے اس سلسلے میں محفوظ علاقوں کی تعداد 39 تک بڑھا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے پاکستان نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت کلائمیٹ ایکشن کا ہدف مقررہ مدت سے دس سال پہلے حاصل کرلیا ہے۔ پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی کے شعبہ میں کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ پاکستان ماحولیات کے تحفظ کے حالے سے عالمی فنڈنگ کے حصول میں بھی کامیاب رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت زرتاج گل نے حکومتی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے کلین گرین پاکستان پروگرام کے تحت کورونا کی وباءکے دوران روزاانہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کے معاشی تحفظ کے لئے گرین روزگار کی فراہمی کے پروگرام کو آگے بڑھایا ۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 85 ہزار گرین روزگار فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے شعبہ میں پاکستان نے دو سال کے دوران جو کامیابیاں حاصل کی ہیں گزشتہ ستر برسوں میں ان کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی اہمیت کے پیش نظر اس موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ بنانے ‘ زمین انحطاط پذیری کو روکنے ‘ قابل استعمال پانی کی سطح بڑھانے اور گرین روزگار متعارف کرانے کے منصوبے بھی حکومتی کامیابیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔








