معرکہ حق کا ایک سال ، بلوچستان کی وزیر تعلیم کا پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین

معرکہ حق کا ایک سال ، بلوچستان کی وزیر تعلیم کا پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین

کوئٹہ۔ 05 مئی (اے پی پی):بلوچستان کی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے معرکہ حق "آپریشن بنیان المرصوص” کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پاک فوج اور تمام سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 مئی ہماری دفاعی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہے جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیا۔

صوبائی وزیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا پاک فوج کے جوانوں نے اپنے لہو سے وفا کی وہ داستانیں رقم کی ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ فیلڈ مارشل کی مدبرانہ اور جرات مندانہ قیادت میں پاکستان کا دفاع پہلے سے کہیں زیادہ ناقابلِ تسخیر ہو چکا ہے۔

آج ہماری سرحدیں محفوظ اور عوام کا سر فخر سے بلند ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح اس آپریشن کے ذریعے دشمن کی کمر توڑی گئی، اس نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سالمیت پر آنچ کا باعث بننے والے ہر ہاتھ کو توڑنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

راحیلہ حمید درانی نے ملکی دفاعی استحکام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور اور بااثر ملک کے طور پر ابھرا ہے۔مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ثالثی کے حوالے سے پاکستان کا کردار آج پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

ہماری مسلح افواج صرف سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ عالمی امن کی سفیر بھی ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہ وہ مائیں عظیم ہیں جن کے بیٹوں نے اس مٹی کی خوشبو بچانے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے شہدا کا لہو پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور اس کی بقا کی خاطر ہم ہر حد سے گزر جائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔

مزید خبریں