مفاد پرست اپوزیشن کی کرپشن بچاؤ تحریک بری طرح ناکام ہو چکی ہے،وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورکا بیان

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ مفاد پرست اپوزیشن کی کرپشن بچاؤ تحریک بری طرح ناکام ہو چکی ہے،قوم اس تحریک سے بخوبی واقف ہے جس کا مقصدصرف اور صرف چندخاندانوں کی کرپشن بچانا ہے۔منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام اور ملک دشمن تحریک ہے جس کے معیشت …

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ مفاد پرست اپوزیشن کی کرپشن بچاؤ تحریک بری طرح ناکام ہو چکی ہے،قوم اس تحریک سے بخوبی واقف ہے جس کا مقصدصرف اور صرف چندخاندانوں کی کرپشن بچانا ہے۔منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام اور ملک دشمن تحریک ہے جس کے معیشت اور ملکی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر تاریخ پر تاریخ دینا پی ڈی ایم کی ناکامی اور پسپائی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہ لاہور کے ناکام جلسے سے بھی ثابت ہو چکا ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست صرف اور صرف اقتدار کے گرد گھوم رہی ہے اور اقتدار کی ہوس نے ان کو کہیں کا نہیں چھوڑا ، ان کی اقتدار کی خواہش کبھی پوری ہونے والی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ مولانا کی سیاست کا مقصد نواز زرداری کی چوری کا دفاع کرنا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا لوگوں کا دفاع کرنا چھوڑیں بلکہ اپنی فکر کریں اور اپنی بے نامی جائیدادوں اور اربوں کی کرپشن کا حساب دیں۔ وفاقی وزیر نے محمود خان اچکزئی کے لاہور کے جلسے میں بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے ہمیشہ پاکستان اور وفاق کے خلاف بات کی ہے اور اُن کے اس قسم کے بیانات صوبائیت کو ہوا دینے اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی میں پنجاب کے عوام کی قربا نیاں کسی سے چھپی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بیانات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کرپشن بچاؤ تحریک کا کرپشن بچانے کے علاوہ ملک کو کمزور کرنے کا بھی ایک ایجنڈا ہے جو اس سے پہلے بھی اداروں کے خلاف اور دیگر قابل مذمت بیانات کی صورت میں سامنے آ چکا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم آئے روز استعفوں کی گردان پڑھتی ہے اوران پر سیاست چمکا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے استعفے سپیکر کے پاس فوری جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن بچاؤ تحریک جو مرضی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر لے ان کے یہ من گھڑت حربے عمران خان کو نہ ہی بلیک میل کر سکتے ہیں اور نہ ہی این ار آو لے سکتے ہیں۔