مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کا فلسطینیوں کے گھر پر حملہ ، بچوں پر آنسو گیس کا استعمال کیا

مقبوضہ بیت المقدس۔24دسمبر (اے پی پی):مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھر پر حملہ کیا اور گھر میں موجود بچوں پر آنسو گیس کا استعمال کیا نیز فلسطینی گھرانے کی پالتو بھیڑوں کو بھی ہلاک کر دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق فلسطینی اتھارٹی سے متعلق حکام نےگزشتہ روز بتایا کہ حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نو عمر بچوں کی پے در پے اموات کے بعد یہودی …

مقبوضہ بیت المقدس۔24دسمبر (اے پی پی):مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھر پر حملہ کیا اور گھر میں موجود بچوں پر آنسو گیس کا استعمال کیا نیز فلسطینی گھرانے کی پالتو بھیڑوں کو بھی ہلاک کر دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق فلسطینی اتھارٹی سے متعلق حکام نےگزشتہ روز بتایا کہ حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نو عمر بچوں کی پے در پے اموات کے بعد یہودی آباد کاروں کا یہ تازہ ترین حملہ ہے جو فلسطینی خاندان کے گھر کو ٹارگٹ کر کے کیا گیا ہے۔

یہودی آبادکاروں نے حملے کے دوران گھر کے ایک دروازے اور کھڑکی کو اکھاڑ دیا۔ آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ جس سے4سال سے کم عمر 3 بچے بری طرح متاثر ہوئے جنہیں بعد ازاں ہسپتال جانا پڑا۔ فلسطینیوں پر حملوں کے واقعات کو جمع کرنے والے دفتر کے سربراہ عامر داؤد نے بتایا کہ یہودی حملہ آور ایک فلسطینی کے بھیڑوں کے باڑے میں داخل ہوگئے جہاں انہوں نے3بھیڑوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔ اس واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانچ یہودی آباد کاروں نے چہرے چھپانے کے لئے نقاب چڑھا رکھے تھے ۔

ان میں سے بعض نے لاٹھیاں پکڑی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہودی آبادکاروں کا یہ دوسرا حملہ ہے جو 2 ماہ سے کم عرصے میں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملے یہودی آباد کار ایک منظم کارروائی کے طور پر کرتے ہیں اور مقصد فلسطینیوں کو نشانہ بنانا، ان کی پراپرٹیز کو نقصان پہنچانا اور ان کی زمینوں پر یہودی قبضے کو بڑھاوا دینا ہے۔ وڈیو میں انہیں گھر کے اندر داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جو اونچی آواز میں چلا رہے تھے ۔

ایک اور وڈیو میں بھی نقاب پوش یہودی آبادکاروں کو دیکھا گیا ہے جو بھیڑوں کے باڑے پر حملہ آور تھے۔بعد ازاں فلسطینی حکام نے ان واقعات کی تصاویر بھی شیئر کیں اور گاڑی کی کھڑکیوں کے شیشے اور دروازہ بھی ٹوٹا ہوا دکھایا گیا جبکہ بھیڑیں خون میں لت پت نظر آئیں اور ان کی اون پر بھی خون بکھرا ہوا نظر آیا۔یاد رہے کہ یہودی آبادکار مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو پے در پے اپنے حملوں کا نشانہ بناتے ہیں۔

ان کے باغوں کو جلاتے ہیں اور ان کی زمینوں پر قبضہ کرنے کے لئے اسرائیلی فوج اور پولیس کی مدد بھی کہتے رہتے ہیں۔ اکتوبر میں یہودی آباد کاروں نے زیتون کی فصل کاٹنے کے موسم میں بھی ایسے ہی حملے کیے اور ہر روز اوسطا 8 جگہوں پر حملے ریکارڈ کیے گئے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق دفتر نے یہودی آبادکاروں کے ان حملوں کا ریکارڈ 2006 سے رکھنا شروع کیا ہے۔ نومبر 2024 سے اب تک اس طرح کے 136 حملے کیے گئے۔

مزید خبریں