مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو یکساں نوعیت کی سنگین انسانی صورتحال اور ریاستی جبر کا سامنا ہے، مشعال حسین ملک

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو یکساں نوعیت کی سنگین انسانی صورتحال اور ریاستی جبر کا سامنا ہےجہاں بھارت اور اسرائیل مبینہ طور پر نسل کشی پر مبنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر سے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے …

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو یکساں نوعیت کی سنگین انسانی صورتحال اور ریاستی جبر کا سامنا ہےجہاں بھارت اور اسرائیل مبینہ طور پر نسل کشی پر مبنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔

یوم یکجہتی کشمیر سے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت ہلاکتیں اور شہری آزادیوں پر مکمل پابندیاں معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، بچوں اور خواتین سمیت عام شہریوں کو لاپتہ کیا جاتا ہے جبکہ متاثرہ خاندان انصاف کے لئے دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈیموں کی تعمیر اور آبی وسائل پر کنٹرول خطے کے امن اور پاکستان کے لئے سنگین خدشات کو جنم دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئی دریا مقبوضہ کشمیر سے نکلتے ہیں اور کشمیری عوام کی مزاحمت خطے میں توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہا، خوراک، ادویات، دودھ اور انٹرنیٹ جیسی بنیادی سہولیات معطل رہیں جبکہ عالمی برادری کی جانب سے مؤثر ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں محض ایک خطے تک محدود نہیں بلکہ یہ پورے پاکستان اور آنے والی نسلوں کے تحفظ سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور مظلوم عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں۔

مزید خبریں