مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیر اعظم کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال

سرینگر۔03 فروری(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے جبکہ کشمیر ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے اس کی حمایت کی ہے۔ نریندر مودی سرینگر ، لداخ اور جموں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے لیے علاقے کا دورہ کررہے ہیں۔ مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک ایسا شخص جوکشمیریوں کے حق خود ارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کے لیے قتل ، گرفتاریوں، املاک کی تباہی اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈے استعمال کرنے کے احکامات دے رہا ہے ، اس کا استقبا ل صرف احتجاج کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔انتظامیہ نے حریت رہنمائوںسید علی گیلانی،میرواعظ عمرفاروق، محمد اشرف صحرائی ، مختار احمد وازہ،ہلال احمد وار،جاوید احمد میراور مولوی بشیر احمد عرفانی کو نریندر مودی کے دورے کے موقع پر بھارت مخالف مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں اورتھانوں میں نظر بند کر دیا ہے جبکہ عوامی اتحاد پارٹی کے چیئرمین انجینئر عبدالرشید کو بھی اپنے گھر پر نظربندکر دیا گیاہے۔قابض انتظامیہ نے نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر سرینگر ، جموں اور دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر کے سیکورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔ فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں چیک پوسٹیں قائم کر کے گاڑیوں اورمسافروں کی جامہ تلاشیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔بھارتی وزیراعظم کے سپیشل سکیورٹی گارڈز (ایس ایس جی)نے سرینگر میںاس جگہ کا انتظام سنبھالا ہے جہاں نریندر مودی وادی کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ تقریب کی نگرانی کے لیے ڈروں طیارے استعمال کئے جارہے ہیں۔ ڈلگیٹ سرینگر سے مجوزہ تقریب کے مقام تک جانے والی سڑک پرخصوصی کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں۔تقریب کے قریبی مقامات سلیمان ٹینگ اور زبرون پہاڑی پرپولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مشترکہ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے سرینگر اور دیگر علاقوں میں سینکڑوں موٹر سائیکل ضبط کئے ہیں جس پر لوگوں میںشدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔پانپور سے نوگام کا سفر کرنے والے لطیف احمد نامی ایک شخص نے کہاکہ تمام دستاویزات اورلائسنس کے باوجود میری بائک پانتہ چوک میں ضبط کی گئی ہے اور جب میں نے موٹر سائیکل ضبط کرنے کی وجہ پوچھی تو پولیس اہلکاروں نے میرے ساتھ بد تمیزی کی ۔وادی کشمیر کے تمام ہائی ویز پر بھارتی فوج، پولیس اورسی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیمیںگاڑیوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کررہی ہیں۔ انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں موبائل انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز بھی معطل کردی ہیں۔