مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے مزید 12 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا

سری نگر ۔ 4 دسمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل 122ویں دن بھی بھارتی فوجی محاصرہ اور لاک ڈائون جاری رہنے سے وادی کشمیر اور جموں ریجن کے علاقوں کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتی حکومت جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد اب مقبوضہ علاقے میںاضلاع کی موجودہ سرحدوںکو تبدیل کر کے نئے ریجن قائم کرنے …

سری نگر ۔ 4 دسمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل 122ویں دن بھی بھارتی فوجی محاصرہ اور لاک ڈائون جاری رہنے سے وادی کشمیر اور جموں ریجن کے علاقوں کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتی حکومت جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد اب مقبوضہ علاقے میںاضلاع کی موجودہ سرحدوںکو تبدیل کر کے نئے ریجن قائم کرنے کی سازش کرر ہی ہے جس کا مقصد وادی کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت اور خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنا ہے۔رپورٹس کے مطابق ایک ایسا نیا ریجن اسلام آباد ،شوپیاں ،کولگام ، رام بن ، کشتواڑ اور ڈوڈہ پر مشتمل ہونے کاامکان ہے۔ نئے انتظامی بندوبست کے نتیجے میں وادی کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہو جائے گا۔دریں اثناء وادی کشمیر میں مسلسل122ویں روزبھی فوجی محاصرے اور سخت پابندیوں کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے اور تمام دکانیں اورکاروباری مراکز بند جبکہ سکول اور سرکاری دفاتر طلباء اورعملے سے خالی رہے۔انٹر نیٹ پر پابندی سے نہ صرف طلباء کا مستقبل دائو پر لگا ہے بلکہ 5اگست سے پہلے آن لائن ادائیگیوں کے ذریعے خریداری کرنے والے تاجروں میں سے پچاس فیصد بیروز گار ہوچکے ہیں۔بھارتی پولیس نے سرینگر، بارہمولہ اور پلوامہ اضلاع میں چھاپوں کے دوران ایک درجن سے زائد نوجوانوں کو گرفتارکیا ہے۔ نوجوانوں کو پتھرائو اور بھارت مخالف مظاہرے کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا ہے۔ سرینگر میں ایک ٹاڈا عدالت نے حریت رہنما عبدالصمد انقلابی کے عدالتی ریمانڈ میں 17دسمبر تک توسیع کی ہے۔ انہیں 25دسمبر 2018ء کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکیا گیا تھا۔ ایک امریکی صحافی فلکنز ڈیکسٹر جنہوں نے بھیس بدل کر مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیاتھا،علاقے میں بھارتی مظالم کے بارے میں خوفناک انکشافات کئے ہیں۔ ڈیکسٹر نے نیویارک میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی بھاری تعداد تعینات کررکھی ہے جنہوں نے سینکڑوں مسلمانوں کو نظربند کردیا ہے۔ یہ فوجی رات کو گھروں میں داخل ہوکرمکینوں کو غیر انسانی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ امریکی صحافی نے خبردارکیا کہ جس دن مقبوضہ کشمیرسے کرفیو ہٹایا جائے گا ،کشمیر ی عوام غصے میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

مزید خبریں