ملائیشیا نے خوراک کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون ومشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، سیف الرحمان

لاہور۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے نجی شعبے نے خوراک کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون اور مشترکہ منصوبے قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، وہ پاکستان کے فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد کے ساتھ ان دنوں ملائیشیا کے تجارتی دورے پر ہیں۔ اتوار کو یہاں موصولہ پیغام کے مطابق انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے …

لاہور۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے نجی شعبے نے خوراک کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون اور مشترکہ منصوبے قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، وہ پاکستان کے فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد کے ساتھ ان دنوں ملائیشیا کے تجارتی دورے پر ہیں۔

اتوار کو یہاں موصولہ پیغام کے مطابق انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے بزنس لیڈرز نے تجارتی وفود کے تبادلے اور بین الاقوامی فوڈ نمائشوں میں شرکت کی اہمیت پر زور دیا ہے، حلال اور ویلیو ایڈڈ فوڈ پراڈکٹس کو فروغ دینے پر مشترکہ توجہ اور پائیدار شراکت داری سے اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

سیف الرحمان نے کہا کہ دونوں فریق پر امید ہیں کہ اس تعاون سے نہ صرف دو طرفہ تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ علاقائی غذائی تحفظ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور طویل مدتی اقتصادی خوشحالی کی راہ بھی ہموار ہو گی، ملائیشیا کی بزنس کمیونٹی پاکستان کو فوڈ پراسیسنگ، حلال مصنوعات، پیکیجنگ اور کولڈ چین لاجسٹکس میں سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی مقام کے طور پر دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا مقصد تجارتی حجم و برآمدات کو بڑھانا اور خوراک کے معیار وتحفظ کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان کو ملائیشیا کی سٹریٹجک علاقائی پوزیشن کے ذریعے آسیان مارکیٹوں تک زیادہ رسائی حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔