ملائیشیا کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
ملائیشیا کے مزید علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال خراب

مزید خبریں
کوالالمپور۔15ستمبر (اے پی پی):ملائیشیا کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
شنہوا کے مطابق ملک کے ایئر پولیوٹنٹ انڈیکس مینجمنٹ سسٹم کے اعداد و شمار کے مطابق منگل کو کم از کم 37 علاقوں میں ہوا کا معیار غیر صحت بخش ریکارڈ کیا گیا۔شمالی بورنیو کی ریاست سراواک کے بعض علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور سب سے زیادہ خراب رہی، جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سیریان کے علاقے میں ایئر پولیوٹنٹ انڈیکس (اے پی آئی) 188 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ریاستی دارالحکومت کوچنگ میں یہ شرح 153 رہی۔
جزیرہ نما ملائیشیا میں ریاست سیلانگور کے جوہان سیتیا میں اے پی آئی 183 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ریاست جوہر کے پاسر گودانگ اور لارکن اضلاع میں بالترتیب 174 اور 169 کی سطح ریکارڈ ہوئی۔ملائیشیا کے فضائی معیار کے پیمانے کے مطابق اے پی آئی صفر سے 50 تک ’’اچھا‘‘، 51 سے 100 تک ’’درمیانہ‘‘، 101 سے 200 تک ’’غیر صحت بخش‘‘، 201 سے 300 تک ’’انتہائی غیر صحت بخش‘‘ جبکہ 301 یا اس سے زائد ’’خطرناک‘‘ قرار دیا جاتا ہے۔







