ملتان کے تھانہ گلگشت کے علاقے سیداں والی کھوئی کے قریب پولیس مقابلے کے دوران چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم محمد ارسلان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ملتان، چوری و ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب ملزم پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

مزید خبریں
ملتان۔ 02 اگست (اے پی پی):ملتان کے تھانہ گلگشت کے علاقے سیداں والی کھوئی کے قریب پولیس مقابلے کے دوران چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم محمد ارسلان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ملتان پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس معمول کی گشت اور ناکہ بندی کے دوران قبرستان موڑ سیداں والی کھوئی پر موجود تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں موقع پر پایا گیا جس کی شناخت محمد ارسلان سکنہ خان ویلج کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کر دی گئی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ زخمی ملزم کو ریسکیو 1122 کے ذریعے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔








