ملتان:کچہری چوک اور عزیز ہوٹل چوک پر مستقل پلانٹرز نصب کئے جائیں گے

ہارٹیکلچر ایجنسی (ایچ اے) ملتان نے شہراولیا کی خو بصورتی اور شجرکاری کے فروغ کے لیے کچہری چوک اور عزیز ہوٹل چوک پر مستقل پلانٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے

ملتان۔ 03 جولائی (اے پی پی):ہارٹیکلچر ایجنسی (ایچ اے) ملتان نے شہراولیا کی خو بصورتی اور شجرکاری کے فروغ کے لیے کچہری چوک اور عزیز ہوٹل چوک پر مستقل پلانٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں سایہ دار درخت اور مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن کی ہدایات پر شہر بھر میں بیوٹیفیکیشن اور شجرکاری مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں فلائی اوورز کے پلرز کے گرد بھی مستقل پلانٹرز تیار کیے جائیں گے تاکہ شہری ماحول کو مزید خوشگوار اور سرسبز بنایا جا سکے۔ایم ڈی ہارٹیکلچر سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ عرصہ دراز سے خالی پڑی جگہوں کو مستقل پلانٹرز کی تعمیر کے بعد سرسبز بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عزیز ہوٹل چوک پر گرینڈ صفائی آپریشن مکمل ہونے کے بعد بیوٹیفیکیشن کا کام جاری ہے، رشید آباد فلائی اوور کی دیواروں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پینٹنگ بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ نو نمبر چونگی فلائی اوور پر پینٹ ورک آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ چونگی نمبر 14 چوک کی ازسرنو بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی نے کہا ہے کہ شہر میں بیوٹیفیکیشن اور شجرکاری کے منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ملتان کو مزید خوبصورت، سرسبز اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔