ملتان۔10اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے بازوں جوروٹ اور ہیری بروک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چوتھی وکٹ پر ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کر دی۔اس دوران انگلش کرکٹ ٹیم کے بلے بازجو روٹ نے سابق کپتان الیسٹر کک کا ریکارڈ توڑکراہم اعزازات بھی اپنے نام کر لئے،
روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر جبکہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں،جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔پاکستان کے خلاف ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوران جو روٹ نے پہلی اننگزمیں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ساتھی کھلاڑی ہیری بروک کے ساتھ مل کر انگلینڈ کی پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، جو روٹ اور ہیری بروک نے چوتھی وکٹ پر 454 رنز بناکر نیا ریکارڈ بنایا۔
اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے پیٹر مے اور کولن کاوڈرے نے 411 رنز کی شراکت بنائی تھی، پیٹر مے اور کولن کاوڈرے نے 1957 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ شراکت قائم کی تھی۔ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت 624 رنز کی قائم ہوئی جو مہیلا جے وردنے اور کمار سنگا کارا نے 2006 میں جنوبی افریقا کے خلاف بنائی تھی۔