ملکہ کوہسار مری میں مون سون بارشوں کا آغاز، 90 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ، انتظامیہ الرٹ
ملکہ کوہسار مری میں مون سون بارشوں کا آغاز، 90 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ، انتظامیہ الرٹ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 02 جولائی (اے پی پی):ملک کے دیگر حصوں کی طرح ملکہ کوہسار مری میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 90 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ سیاحوں کی بڑی تعداد نے بھی مری کا رخ کر لیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق محکمہ موسمیات نے مون سون کے پہلے سپیل کی پیش گوئی پہلے ہی کر دی تھی جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، میونسپل ادارے اور دیگر محکمے فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 بروقت ریسپانس فراہم کر رہی ہے جبکہ شاہراہوں کی مسلسل نگرانی، نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور عوام کی سہولت و حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔آغا ظہیر عباس شیرازی نے مزید بتایا کہ محکمہ موسمیات نے جولائی کے پہلے ہفتے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے لہٰذا مری آنے والے سیاح سفر سے قبل موسمی صورتحال سے ضرور آگاہی حاصل کریں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر عمل کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے مقامات پر احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔








