ملکی برآمدات میں 11 ماہ کے دوران 27.78 فیصد ، تجارتی خسارہ میں 57.85 فیصد اضافہ ہوا ، شماریات بیورو

ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 9.95 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 41.90 فیصد کا اضافہ

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):ملکی تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 57.85 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ جاری مالی سال میں تجارتی خسارہ 43.33 ارب ڈالر اورمئی کے مہینہ میں 4.04 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے، اس مدت میں ملکی برآمدات میں 27.78 فیصد اوردرآمدات میں 44.28 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے ۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرمئی 2022 تک کی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 28.84 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 27.78 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات سے ملک کو22.57 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

مئی میں ملکی برآمدات کاحجم 2.601 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 55.66 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں ملکی برآمدات کاحجم 1.671 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ ملکی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.28 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

جولائی سے لیکرمئی 2022 تک کی مدت میں درآمدات پر72.18 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 50.02 ارب ڈالرتھا۔مئی 2022 میں درآمدات کاحجم 6.644 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال مئی کے 5.29 ارب ڈالردرآمدات کے مقابلہ میں 25.43 فیصدزیادہ ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2021 سے لیکرمئی 2022 تک کی مدت میں ملک کے تجارتی خسارہ کاحجم 43.33 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 57.85 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک کاتجارتی خسارہ 27.45 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا۔

مئی 2022 میں ملکی تجارتی خسارہ کاحجم 4.04 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 11.50 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں ملکی تجارتی خسارہ کاحجم 3.62 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔