اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق سال 2026 کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے۔ مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔ این ای او سی کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں …
ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی کامیابی سے جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق سال 2026 کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے۔ مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے۔ مہم کے ابتدائی دو روز میں ملک بھر میں 2 کروڑ 68 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1 کروڑ 45 لاکھ سے زائد، سندھ میں 58 لاکھ 83 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 43 لاکھ 20 ہزار سے زائد، بلوچستان میں تقریباً 12 لاکھ 8 ہزار، اسلام آباد میں تقریباً 2 لاکھ 94 ہزار، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 4 لاکھ 46 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
این ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور بنا سکتا ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔








