ملک بھر میں عید الفطرکل منائی جائے گی،نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں ملک و قوم کی ترقی ، امت مسلمہ کے اتحادکے لئے دعائیں مانگی جائیں گی

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں( کل )ہفتہ کو عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی، ماہِ صیام کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لیے ملک کے طول و عرض میں عید الفطر کے روح پرور اجتماعات میں ملک اور قوم کی ترقی ، سلامتی ، …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں( کل )ہفتہ کو عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی، ماہِ صیام کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لیے ملک کے طول و عرض میں عید الفطر کے روح پرور اجتماعات میں ملک اور قوم کی ترقی ، سلامتی ، خوشحال اور امت مسلمہ کے اتحاد آپریشن غضب للحق کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اور دفاع وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔

عید الفطر کے اجتماعات میں علمائے کرام اور آئمہ مساجدماہ صیام کی تکمیل پر عید الفطر کی اہمیت اور قدر و منزلت بیان کریں گے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کرائیں گے۔ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں نمازِ عید کے ہزاروں اجتماعات عید گاہوں، جامع مساجد اور کھلے میدانوں میں منعقد ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت کی فیصل مسجد، لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد، کراچی کی میمن مسجد و پولو گراؤنڈ، اور پشاور و کوئٹہ کی مرکزی عیدگاہوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ مظفر آباد، میرپور، گلگت اور اسکردو سمیت تمام اضلاع میں بھی عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے ۔حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عید کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس مقامات اور عید گاہوں کے باہر پولیس اور دیگر فورسز کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔

بڑے شہروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب ددیئے گئے ہیں جبکہ بلدیاتی اداروں کو عید گاہوں کے اطراف صفائی کے خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر غریب، یتمیٰ، مساکین اور ناداروں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے صدقات ، خیرات اور صدقۃ الفطر کا اہتمام کیا جائے گا جس کا آغاز ماہ صیام کے آغاز کے ساتھ ہی ہو جاتا ہے۔ تاکہ معاشرے کا ہر طبقہ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکے۔ عید کے موقع پر میٹھے پکوانوں اور سویوں کے ساتھ مہمانوں اور عزیزو اقارب کی تواضع ، بچوں میں عیدی کی تقسیم اور عزیزو اقارب کے گھر آمد و رفت اور تحائف بھجوانا عید کی روایات ہیں جو میٹھی عید کی خوشیوں کو مزید دوبالا کر دیتی ہیں ۔