ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کے 3 روز کے دوران اب تک ایک کروڑ 59 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن مکمل

ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے 3 روز کے دوران اب تک ایک کروڑ 59 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے 3 روز کے دوران اب تک ایک کروڑ 59 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم 18 تا 24 مئی تک جاری رہے گی، پولیو مہم کے دوران تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک لاکھ 63 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو معذوری سے محفوظ بنانے کے مشن میں مصروف ہیں۔ این ای او سی کے مطابق پنجاب میں تقریباً 49 لاکھ 51 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، سندھ میں 53 لاکھ 81 ہزار سے زائد بچوں، خیبر پختونخوا میں تقریباً 37 لاکھ 26 ہزار بچوں،بلوچستان میں 15 لاکھ 11 ہزار سے زائد بچوں اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 5 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ نیشنل ای او سی کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے لہذا بچوں کو اس بیماری سے بچانے کے لئے پولیو ورکرز سے تعاون کریں اور اپنے 5 سال تک کے ہر بچے کو ہر پولیو مہم کے دوران قطرے لازمی پلوائیں، پولیو ٹیم سے رابطے کے لیے 1166 پر کال کریں یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیجیں۔