ملک میں خواتین کی ہاکی میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں، وقاص شیخ

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں خواتین کی ہاکی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔پی ایچ ایف ترجمان وقاص شیخ کا کہنا ہے کہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد اسلام آباد میں پہلی بار نیشنل انڈر 21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 16 ٹیموں کی تقریبا 300 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی

لاہور۔18جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں خواتین کی ہاکی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔پی ایچ ایف ترجمان وقاص شیخ کا کہنا ہے کہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد اسلام آباد میں پہلی بار نیشنل انڈر 21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 16 ٹیموں کی تقریبا 300 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی،اس چیمپئن شپ کو پاکستان میں خواتین کی ہاکی کی بحالی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دوران ہی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے پاکستان کو عمان میں ہونے والے ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے لیے جونیئر ویمنز ٹیم بھجوانے کی دعوت موصول ہوئی۔ وقت کی کمی کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن نے صرف تین سے چار روز کے اندر ٹیم کا انتخاب مکمل کیا اور قومی جونیئر ویمنز ٹیم کو عمان روانہ کر دیا۔قومی ٹیم کو تیاری اور باہمی ہم آہنگی کے لیے انتہائی کم وقت ملا، تاہم نوجوان کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور عزم، جذبے اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اگرچہ ٹورنامنٹ کے نتائج پاکستان کے حق میں نہ آ سکے، لیکن کھلاڑیوں کی کارکردگی نے مستقبل کے لیے امید کی نئی کرن پیدا کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کی کھلاڑیوں نے چار میں سے دو میچوں میں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں خواتین کی ہاکی میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں۔ ترجمان نے مزید کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خواتین کی ہاکی کے فروغ کے لیے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے جونیئر کھلاڑیوں کے لیے ماہر کوچز اور مینٹرز کی فراہمی کی درخواست بھی کی ہے۔ پی ایچ ایف کی نیشنل ہائی پرفارمنس کوچنگ ٹیم آنے والے مہینوں میں ان کھلاڑیوں سمیت ملک بھر سے سامنے آنے والے نوجوان ٹیلنٹ کو تربیت اور رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔پی ایچ ایف کے ترجمان نے کہا کہ نیشنل انڈر 21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد صرف ایک آغاز ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کے جذبے اور صلاحیتوں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں خواتین کی ہاکی کا مستقبل روشن ہے۔ آئندہ چیمپئن شپ کو مزید وسعت دیتے ہوئے ہدف رکھا گیا ہے کہ ٹیموں کی تعداد 16 سے بڑھا کر 32 تک لے جائی جائے تاکہ ملک کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور صوبائی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔