ملک کی تیزرفتارترقی اورخدمات کی موثرفراہمی کیلئے نظام حکومت کو مکمل طورپرڈیجیٹل بنانے کی رفتارتیزکرنا ہوگی،صدرمملکت عارف علوی

پشاور۔9نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ ملک کی تیز رفتار سماجی و اقتصادی ترقی اور خدمات کی موثر فراہمی کیلئے نظام حکومت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی رفتار تیز کرنا ہوگی، نظامِ حکومت کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے بیوروکریسی کو متعلقہ ٹولز اور ہنر سے لیس کرنے کی ضرورت ہے ،ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو تیز کرنے ، سرکاری خدمات اور امور کو ڈیجیٹل بنانے کےلئے بیوروکریسی کا ایک خصوصی کیڈر تیار کیا جا سکتا ہے،

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے گورنر ہائوس پشاور میں خیبرپختونخوا (کے پی) کی ڈیجیٹل تبدیلی سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ کے دوران کیااس موقع پر صوبائی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد عاطف خان اور کے پی آئی ٹی بورڈ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔

صدرمملکت عارف علوی نے حکومت کی تمام سطحوں پر ای گورننس متعارف کروا کر گورننس کے تمام پہلوئوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بنیادی آئی ٹی انفراسٹرکچر تک رسائی کو مزید بہتر کیا جانا چاہیے،سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن سے چوری اور مالی نقصان کو کم کرنے، خدمات کی بہتر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا،

انہوں نے مارکیٹ کےلئے تیار اور قابل گریجویٹس کو پیشہ ورانہ اور دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگریوں کے ذریعے مارکیٹ کی طلب کے مطابق مہارتوں سے لیس کرنے کوناگزیرقراردیااور کہاکہ ہنر مند گریجویٹس تیار کرنے، انڈسٹری میں نوکریاں دلانے کےلئے جامعات، صنعت اور حکومتوں کے درمیان شراکت داری اور تعاون کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، صدر مملکت نے مزید کہاکہ جامعات اور صنعتوں کے مابین تعاون اور روابط سے ہنر مند افرادی قوت کی کمی پورا کرنے میں مدد ملے گی آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن نے کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں اب کمپنیاں اور دور دراز علاقوں میں لوگ بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی خدمات آن لائن پیش کر سکتے ہیں،

انہوں نے ہدایت کی کہ ملک میں انٹرنیٹ اور بنیادی آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کےلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروبار کے ابھرتے ہوئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے، قبل ازیں کے پی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام نے صدر مملکت کو صوبے کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیاصدر نے کے پی حکومت کے ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔