ملک کے تمام پاور پلانٹس چلانا شروع کر رہے ہیں، امید ہےکہ رات تک ملک بھر میں بجلی بحال کردی جائےگی، وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی کے نظام کی بحالی کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں ، پورے ملک میں ایک ایک کرکے تمام پاور پلانٹس چلانا شروع کر رہے ہیں، امید ہےکہ رات تک ملک بھرمیں بجلی بحال کردی جائےگی، وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی بریک ڈائون کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے نارتھ ساؤتھ نظام میں خرابی ہوئی ہے، صبح 7 بج کر 34 منٹ پرنارتھ ساؤتھ ترسیلی کوریڈور میں فریکوئنسی میں اتار چڑھاؤ آیاجس سے نیشنل گرڈکی سسٹم فریکوئنسی متاثرہوئی، سسٹم فریکوئنسی متاثر ہونے سے ملک میں بجلی کا وسیع بریک ڈاؤن ہوا۔

وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ ملک میں بجلی کی ترسیل کا نظام محفوظ ہے ٹیموں کو بھجوایا گیا لیکن کوئی خرابی یا حادثہ نہیں ہوا ۔ پورے ملک میں ٹیمیں فنی خرابی دور کرنے کے لئے متحرک ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اوچ کے مقام پر پاور پلانٹ متبادل کے طور پر بجلی فراہم کر رہا ہے جس سے سندھ کے کچھ علاقوں میں معمول کے مطابق بجلی فراہم کی جا رہی تھی اب اس پاور پلانٹ سے بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں اور کے الیکٹرک کو جزوی طور پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ کے الیکٹرک کو بھی بجلی فراہمی کے لئے کام ہو رہا ہے، جیسے ہی نیشنل گرڈ کی بحالی ہو گی کے الیکٹرک کو مکمل طور پر بجلی فراہم کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے بھی جزوی طور پر سسٹم بحال کردیا ہے، ہائیڈل سسٹم کو دوبارہ چلانے میں کچھ مشکلات آئی ہیں، ملک کے تمام پاور پلانٹس چلانا شروع کر رہے ہیں، ان پلانٹس کو چلانےکے لیے بھی بجلی درکار ہوتی ہے، پلانٹس چلانے کے لیے فرنس آئل پر بجلی پیدا کرنےکی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق تمام پاور پلانٹ کو چلانے کی اجازت دے دی ہے ۔

وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی بریک ڈائون کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تین رکنی کمیٹی بھی بنادی گئی ہے۔تھرکول سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ وہ نیشنل پاور کنٹرول سے بجلی بحالی آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعظم کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ تین رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو وسیع بریک ڈائون کی تحقیقات کرکے رپورٹ دے گی۔ وزارت توانائی توجہ اور ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہی ہے اور جلد بجلی بحال کر دی جائے گی۔