منامٹا کنونشن کی توثیق پاکستان کو مرکری سے پاک ملک بنانے کی جانب ایک بڑا اقدام ہے، موجودہ حکومت مرکری کے استعمال میں بتدریج کمی لائے گی، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ منامٹا کنونشن کی توثیق پاکستان کو مرکری سے پاک ملک بنانے کی جانب ایک بڑا اقدام ہے، مرکری کے انسانی صحت کیلئے مضر اثرات کے باعث موجودہ حکومت اس کے استعمال میں بتدریج کمی لائے گی، اس حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ منامٹا کنونشن کی توثیق پاکستان کو مرکری سے پاک ملک بنانے کی جانب ایک بڑا اقدام ہے، مرکری کے انسانی صحت کیلئے مضر اثرات کے باعث موجودہ حکومت اس کے استعمال میں بتدریج کمی لائے گی، اس حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے منامٹا کنونشن کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت ملک میں پارہ کے استعمال کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، پارہ کے مختلف مصنوعات میں استعمال کے انسانی صحت کیلئے مضر اثرات ہیں، طبی آلات اور کاسمیٹکس کی مصنوعات میں پارے کا استعمال عام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ایک سال پہلے وعدہ کیا تھا کہ مرکری کے استعمال میں کمی لائی جائے گی، آج اس سلسلہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پاکستان نے باضابطہ طور پر مرکری میں کمی کے حوالہ سے کنونشن کی توثیق کر دی ہے، یہ وزیراعظم عمران خان کے صاف پاکستان کے وڑن کا حصہ ہے، پاکستان کو بلین ٹری کے حوالہ سے کامیابیوں کے نتیجہ میں ورلڈ اکنامک فورم نے عالمی چیمپیئن قرار دیا ہے، اب مرکری سے پاک پاکستان کا خواب بھی شرمندہ تعیبر ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھرمامیٹر، بلڈ پریشر آپریٹس اور دانتوں کی فلنگ کے علاوہ کاسمیٹکس کی مصنوعات میں بھی مرکری کا استعمال ہو رہا ہے، رنگ گورا کرنے والی کریموں کے لیب ٹیسٹس کئے گئے جن میں سے 57 مصنوعات مضر صحت قرار پائیں، اسی طرح صابن کی مختلف اقسام کے بھی ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 400 مضر صحت پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ اس حوالہ سے معیارات پر عملدرآمد کیلئے بات چیت کریں گے، یہ معیارات پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے متعین ہوں گے اور مضر صحت قرار پانے والی مصنوعات کے مینوفیکچررز کو مرکری کے خاتمہ کی مدت میں توسیع کیلئے لائحہ عمل پیش کرنا ہو گا، اس حوالہ سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سونے کی چھوٹی کانوں میں مرکری کے استعمال کے خواتین اور بچوں میں بھی مضر اثرات ظاہر ہوئے ہیں، اس حوالہ سے بھی ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ شراکت داروں کو ساتھ لے کر پاکستان کو مرکری فری ملک بنائیں گے، اس حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے میڈیا کو بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ اسی طرح مرکری کی حامل رنگ گورا کرنے والی کریموں کی تشہیر میں کالے اور گورے رنگ کی تفریق ایک مثبت عمل نہیں، اس حوالہ سے بھی سماجی اقدار کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔