منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کیلئے تیاریاں تیز کر دیں، اشتیاق حنیف مغل

منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے ملک بھر میں متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی، ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن منہاج ویلفیئر فائونڈیشن

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے ملک بھر میں متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی، ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن منہاج ویلفیئر فائونڈیشن اشتیاق حنیف مغل نے گجرات، جہلم، سیالکوٹ، دینہ، وزیر آباد، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، گوجر خان، آزاد کشمیر اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں کے ہنگامی دورے کیے، جن کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے، رضاکاروں کی تربیت، ریلیف پلاننگ اور ہنگامی امدادی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔دوروں کے دوران منعقدہ اجلاسوں میں انہوں نے مختلف ضلعی و تحصیل عہدیداران، ذمہ داران اور رضاکاروں سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ اجلاسوں میں ممکنہ سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال، ریسکیو آپریشن، ریلیف سامان کی بروقت فراہمی، محفوظ مقامات کی نشاندہی، رضاکاروں کی ذمہ داریوں اور بین الاضلاعی رابطہ کاری کے نظام پر جامع مشاورت کی گئی۔اس موقع پر مختلف اضلاع میں خصوصی ریلیف، ریسکیو، لاجسٹکس اور رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تاکہ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں امدادی سرگرمیوں کا فوری آغاز یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ تمام اضلاع سے موصول ہونے والی معلومات، انتظامی تیاریوں اور ریلیف و ریسکیو پلان پر مبنی تفصیلی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رپورٹ ناظمِ اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلی ڈاکٹر رفیق نجم ،نور اللہ صدیقی،ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ آپریشنزبریگیڈیئر (ر) عمر حیات کو پیش کی جائے گی تاکہ مرکزی سطح پر صورتحال کی مسلسل نگرانی، موثر رابطہ کاری اور بروقت فیصلوں کے ذریعے امدادی سرگرمیوں کو مزید موثر اور منظم بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی تمام ٹیمیں مرکزی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرہ علاقوں تک فوری رسائی اور بروقت امداد کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ قدرتی آفات کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ پوری قوم کا امتحان ہوتی ہیں۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن ہر مشکل گھڑی میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پیشگی منصوبہ بندی، تربیت یافتہ رضاکار اور موثر رابطہ کاری ہی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے کامیابی سے نمٹنے کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے تمام عہدیداران اور رضاکاروں کو ہدایت کی کہ مرکزی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، ریسکیو آلات، ریلیف سامان، میڈیکل سہولیات اور رابطہ نظام کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں متاثرین تک فوری امداد پہنچائی جا سکے۔اجلاسوں میں شریک رضاکاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر قدرتی آفت اور ہنگامی صورتحال میں رنگ، نسل، مذہب اور مسلک سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کریں گے اور متاثرہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف رکھیں گے۔دوروں کے دوران چوہدری محمد وسیم ہمایوں، فیض رسول طاہر، سیٹھ محمد ایوب، عبدالرازق، منیر حسین مغل، آصف علی چیمہ، محمد عرفان بٹ اور دیگر ذمہ داران نے انتظامات، رابطہ کاری اور مشاورتی عمل میں بھرپور کردار ادا کیا۔

 

مزید خبریں