منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد نے نواز شریف پارک اور باغِ جناح کا دورہ کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد کا نواز شریف پارک اور باغِ جناح کا دورہ، دستیاب سہولیات ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 02 جون (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد نے نواز شریف پارک اور باغِ جناح کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں پارکوں میں دستیاب سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظامات، تزئین و آرائش اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارکوں میں مرمت، بحالی اور دیکھ بھال کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین تفریحی ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے پارکوں میں موجود خراب برقی پولز اور لائٹس کو فوری تبدیل کرنے، روشنی کے نظام کو بہتر بنانے اور عوامی سہولت کے لیے نئے کوڑا دان نصب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے جاگنگ ٹریکس کی مرمت اور بحالی، واش رومز کی بہتری اور دیگر ضروری تعمیراتی و مرمتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور بحالی کے منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ہارٹیکلچر ایجنسی کے مطابق تمام کام ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ان کی ٹیم کی نگرانی میں جاری ہیں تاکہ کاموں کے معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارکوں میں سہولیات کی بہتری سے شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگوں کو ایک صاف ستھرا، محفوظ اور خوشگوار تفریحی ماحول میسر آئے گا۔منیجنگ ڈائریکٹر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد شہر کے پارکوں کی خوبصورتی، سبزہ زاروں کے فروغ اور عوام کو جدید تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔








