موبائل سروسز کے معیار میں بہتری کے لئے پی ٹی اے کی فیلڈ مانیٹرنگ جاری، ایک ہفتے کے دوران 115 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک بھر میں موبائل سروسز کے معیار، کوریج اور دستیابی کو بہتر بنانے کے لئے فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک بھر میں موبائل سروسز کے معیار، کوریج اور دستیابی کو بہتر بنانے کے لئے فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ ایک ہفتے (30 ستمبر تا 7 اکتوبر 2026) کے دوران پی ٹی اے کے مختلف زونل دفاتر کی ٹیموں نے ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل آپریٹرز کی مجموعی طور پر 115 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس دوران لاہور میں 39، کراچی میں 17، سکھر میں 16، ملتان اور راولپنڈی میں 14، 14، کوئٹہ میں 8، ایبٹ آباد میں 4 اور گلگت میں 3 سائٹس کا معائنہ کیا گیا۔ فیلڈ ٹیموں نے موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی، کال اور ڈیٹا سروسز کے معیار، کوریج اور بجلی کے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا۔ پی ٹی اے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں معائنہ کردہ مختلف علاقوں میں موبائل سروسز کے معیار میں نمایاں بہتری بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔مانیٹرنگ کے دوران کال نہ ملنے، کال ڈراپ ہونے، موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور نیٹ ورک کوریج سے متعلق مسائل کی موقع پر جانچ کی گئی۔ پی ٹی اے کی ٹیموں نے موبائل سروسز کے معیار کو متاثر کرنے والے عوامل کی نشاندہی کے لیے صارفین کے تجربات اور شکایات کا بھی جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور کمیونٹی کے افراد سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ مختلف علاقوں میں صارفین کو درپیش مسائل کے مؤثر حل میں مدد مل سکے۔جائزے کے دوران جن ٹیلی کام سائٹس اور ٹاورز کا معائنہ کیا جا رہا ہے، وہاں موجود خامیوں اور تکنیکی مسائل کی نشاندہی کے بعد متعلقہ موبائل آپریٹرز کو ضروری اصلاحی اقدامات کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔ ان اقدامات سے صارفین کو فراہم کی جانے والی موبائل سروسز کے معیار میں مزید بہتری لانے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ پی ٹی اے ملک بھر میں موبائل سروسز کے معیار اور دستیابی میں بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان اقدامات کا مقصد صارفین کو درپیش مسائل کی بروقت نشاندہی، موبائل آپریٹرز کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی اور صارفین کو بہتر اور قابلِ اعتماد ٹیلی کام سروسز کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔