اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام ایڈمنسٹریٹرز کو اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کی ہیں، موجودہ صورتحال میں ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو ریلیف دینا اور ان کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ترجیح ہے، حکومت …
موجودہ صورتحال میں ملک کے پسے ہوئے طبقے کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے، سینیٹر فیصل جاوید

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام ایڈمنسٹریٹرز کو اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کی ہیں، موجودہ صورتحال میں ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو ریلیف دینا اور ان کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ترجیح ہے، حکومت ایزی پیسہ ایپ کے ذریعے 25 لاکھ افراد تک امداد پہنچائے گی، اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی کوشش ہے کہ مستحق لوگوں کو ان کے گھروں تک راشن پہنچایا جائے، عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اتوار کو پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جب شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر کیلئے فنڈز ریزنگ شروع کی تو لوگوں نے بڑھ چڑھ کر تعاون کیا تھا، امید ہے کہ اس بار بھی مخیر حضرات قومی جذبے سے سرشار ہو کر غریب لوگوں تک امداد پہنچانے کیلئے بھرپور حصہ لیں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پورے ملک میں رضاکاروں کی فورس بنائی جا رہی ہے جو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر خدمات انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت احساس پروگرام کے ڈیٹا کے علاوہ 70 لاکھ مزید لوگوں تک راشن اور امداد پہنچائے گی، پنجاب حکومت نے بھی راشن کیلئے 10 ارب روپے کا فنڈز مختص کیا ہے، 3 ہزار روپے ماہانہ کے علاوہ غریب لوگوں تک راشن پہنچایا جائے گا اور حکومت مختلف طریقوں سے غریب خاندانوں کے گھروں تک راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے بھی غریب لوگوں تک راشن پہنچانے کا ایک طریقہ کار بنایا گیا ہے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے صحت، تعلیم سمیت ماحولیاتی شعبے کو نظرانداز کیا، مسلم لیگ ن کے قائدین بیرون ممالک سے علاج کرانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں لیکن انہوں نے عوام کو سہولیات دینے کیلئے کوئی کام نہیں کیا، موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ صحت کے شعبے میں پاکستان کو آگے لیکر جانے پر مرکوز ہے اور اس مقصد کیلئے بجٹ میں بھاری رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں 5 سالہ دور حکومت میں 10 ہسپتال بنائے تھے، صحت کے شعبے میں بہتری کی بناء پر پی ٹی آئی حکومت دوبارہ اقتدار میں آئی تھی۔ فیصل جاوید نے کہا کہ اب تک ملک بھر میں 65 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈز جاری کئے گئے ہیں اور رواں سال کے آخر تک ان کی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی کوشش کریں۔








