موسلادھار بارش کے دوران شہریوں کو نکاسی آب اور صفائی کے حوالے سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں
موسلادھار بارش کے دوران ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 19 اگست (اے پی پی):موسلادھار بارش کے دوران شہریوں کو نکاسی آب اور صفائی کے حوالے سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ نشیبی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ نالیوں اور پانی کے گزرگاہوں کو کھولنے، چوک نالیوں کی صفائی، ویسٹ پکنگ اور ویسٹ لفٹنگ کا عمل بارش کے دوران بھی مسلسل جاری ہے۔ افسران اور فیلڈ عملہ مختلف علاقوں میں موجود رہتے ہوئے صورتحال کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔اسی سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر راولپنڈی ملیحہ سحر نے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کے منیجر آپریشنز سٹی سید حسن سردار کے ہمراہ بارش کے دوران شہر کے مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجر آپریشنز گلباز ستی اور آپریشنل سٹاف بھی ان کے ہمراہ تھا۔ملیحہ سحر اور سید حسن سردار نے فیلڈ میں جاری آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے ورکرز کو مکمل الرٹ رہنے اور بارش کے دوران شہریوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایات دیں۔
انہوں نے چوک نالیوں کو فوری طور پر کھولنے، پانی کے راستوں سے رکاوٹیں دور کرنے اور جمع ہونے والے کوڑے کو فوری اٹھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی و سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ بارش کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اور نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے، ان کے احکامات پر فیلڈ میں اضافی نفری اور مشینری کو متحرک رکھا گیا ہے جبکہ تمام متعلقہ ٹیمیں باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے باوجود ویسٹ پکنگ اور ویسٹ لفٹنگ کا عمل کسی وقفے کے بغیر جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ سڑکوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں میں کوڑا جمع نہ ہو اور نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔رانا ساجد صفدر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ستھرا پنجاب ایجنسی، متعلقہ اداروں اور فیلڈ ٹیموں کے درمیان مسلسل رابطہ قائم ہے اور تمام ادارے مل کر شہریوں کو بارش کے دوران ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے فیلڈ افسران اور ورکرز کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔







