موسمیاتی اقدامات اب اختیار کا نہیں، بقا کا تقاضا بن چکے ہیں،وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کا اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی کے ساتویں اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی عمل درآمد کی ناگزیر ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی اقدامات اب اختیار کا نہیں، بقا کا تقاضا بن چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں منعقد ہونے والی اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی (UNEA-7) کے ساتویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی عمل درآمد کی ناگزیر ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی اقدامات اب اختیار کا نہیں، بقا کا تقاضا بن چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں منعقد ہونے والی اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی (UNEA-7) کے ساتویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ عالمی سطح کا اعلیٰ فورم ’’ایک مضبوط اور لچکدار کرۂ ارض کے لئے پائیدار حل کی پیش رفت‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہوا، جس میں اقوامِ متحدہ کے 193 رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ سول سوسائٹی، سائنس دانوں، ترقیاتی اداروں اور نجی شعبے کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں عالمی ماحولیاتی پالیسیوں کی تشکیل، ترجیحات کے تعین اور بین الاقوامی ماحولیاتی قوانین کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں موسمیاتی لچک، موافقت، پائیدار ترقی اور سائنسی بنیادوں پر مبنی حل کے لئے عالمی تعاون اور مالی معاونت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ فطرت اپنے اصولوں کے مطابق چلتی ہے اگر ہم اس کے ساتھ ناانصافی کریں تو فطرت متاثر نہیں ہوتی لیکن اس ناانصافی کی پوری قیمت ہمیں چکانی پڑتی ہے۔

انہوں نے پاکستان جیسے موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کی بڑھتی ہوئی کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ لچک میں اضافہ، موسمیاتی موافقت اور منصفانہ عالمی مالی معاونت وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دنیا نے متحد ہو کر فوری، مؤثر اقدامات نہ کیے تو ترقی پذیر ممالک کو مسلسل غیر متناسب انسانی، معاشی اور ماحولیاتی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے مؤثر عالمی حل تلاش کرنے، کثیر فریقی ماحولیاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور پائیدار مستقبل کی جانب پیش رفت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں