موسمیاتی تبدیلی یورپ میں جنگلات کی آگ کے رقبے میں 192 فیصد تک اضافہ کر سکتی ہے، تحقیق

جرمنی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی مستقبل میں یورپ میں جنگلاتی آگ کے رقبے میں نمایاں اضافے کا باعث بن سکتی ہے

برلن۔21اگست (اے پی پی):جرمنی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی مستقبل میں یورپ میں جنگلاتی آگ کے رقبے میں نمایاں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق تحقیق کرنے والی بین الاقوامی ٹیم نے جریدے ’’گلوبل چینج بائیولوجی‘‘ میں وضاحت کی کہ آگ سے متاثرہ سالانہ رقبہ رواں صدی کے اختتام تک موجودہ وقت کے مقابلے میں عالمی حرارت کی حد کے مطابق 39 فیصد سے لے کر 192 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ تحقیقی ٹیم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے علاوہ دیگر اہم عوامل بھی موجود ہیں۔ ان عوامل میں زمین کے استعمال کا طریقہ، روک تھام اور آگ کا بروقت پتہ لگانا شامل ہیں۔ پوٹسمڈ انسٹی ٹیوٹ فار کلائمیٹ امپیکٹ ریسرچ کے اہم محقق مائیک بلنگ کی قیادت میں سائنسدانوں نے لکھا کہ نباتاتی آگ حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی نظام کی متحرکیت کے لیے قدرتی اور اہم عمل ہیں ۔ محققین نے خبردار کیا کہ آگ کی ان سرگرمیوں میں فی الوقت اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مائیک بلنگ نے کہا کہ گرمی، خشک اور ہوا دار موسمی حالات کے بگڑنے کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلی پورے یورپ میں آگ کے واقعات کو بڑھا رہی ہے۔ ٹیم کی جانب سے کی گئی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ تقریباً 1.8 ڈگری کی نسبتاً کم عالمی حرارت والے منظرنامے میں بھی صدی کے اختتام تک یورپ میں موجودہ وقت کے مقابلے میں تقریباً 39 فیصد زیادہ رقبہ جلنے کی توقع ہے۔ ایک ایسے منظرنامے میں جہاں حرارت کی شرح تقریباً 3.6 ڈگری تک بڑھ جاتی ہے ٹیم نباتاتی آگ کے رقبے میں 192 فیصد اضافے کی توقع کر رہی ہے۔ اس طرح آگ کا رقبہ موجودہ حالت سے تین گنا ہو جائے گا۔ تحقیق کے مطابق وسطی یورپ، مغربی یورپ کے وسیع حصے اور بحیرہ روم کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ موازنے کے لیے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے تخمینوں کے مطابق دنیا فی الحال صدی کے اختتام تک درجہ حرارت میں تقریباً 2.8 ڈگری کے اضافے کی طرف بڑھ رہی ہے لیکن مستقبل میں آگ کے خطرات صرف موسمیاتی پیش رفت پر منحصر نہیں ہیں۔ تحقیق میں اثر انداز ہونے والے دیگر عوامل کو شامل کرنے کے لیے محققین نے موسمیاتی منظرناموں کو دیگر ایسے ماڈلز کے ساتھ جوڑا جو خاص طور پر آگ کی روک تھام، بروقت پتہ لگانے اور اس پر قابو پانے جیسے اقدامات سے متعلق ہیں۔ نتائج کے مطابق آگ کے بہتر انتظام سے 1.8 ڈگری درجہ حرارت میں اضافے کے منظرنامے میں جلے ہوئے رقبے میں 92 فیصد اور 3.6 ڈگری کے منظرنامے میں بھی 72 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں