سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کا ہسپتال میں طبی معائنہ، صحت مند قرار، اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کا ہسپتال میں طبی معائنہ کرایا گیا، طبی معائنے کے مطابق بانی پی ٹی آئی صحت مند پائے گئے، تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کا ہسپتال میں طبی معائنہ کرایا گیا، طبی معائنے کے مطابق بانی پی ٹی آئی صحت مند پائے گئے، تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قیدی کو 20 اور 21 اگست 2026ء کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال لے جایا گیا، ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔ ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ یہ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں 21 اگست 2026ء کی صبح تقریباً 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ طبی معائنہ پمز ہسپتال میں کرایا گیا جس میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے سکیورٹی کی جو صورتحال شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے راستے میں اور باہر پیدا کی گئی، اس کے پیش نظر ان کو پمز ہسپتال لے جایا گیا اور طبی معائنے کے مطابق وہ صحت مند پائے گئے۔ ان کو پہلے بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور اب بھی جب ان کو ضرورت پڑے گی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی

مزید خبریں