دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے حقوق اور وقار کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نےدہشت گردی کے تمام متاثرین اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے حقوق اور وقار کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نےدہشت گردی کے تمام متاثرین اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے حقوق اور وقار کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ان خیالات کا اظہار دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے اور شہدا کے اہلِ خانہ کی قربانیوں اور حوصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کو انصاف اور قانونی معاونت کی فراہمی ضروری ہے جبکہ متاثرہ افراد کو انصاف تک بروقت رسائی فراہم کرنا بھی ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، عدم برداشت اور نفرت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا اور متاثرین کی قربانیاں قومی یادداشت کا مستقل حصہ ہیں اور پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور انصاف پُرامن اور محفوظ معاشرے کی بنیاد ہیں، متاثرین کے لیے انصاف، تحفظ، قانونی معاونت اور بحالی کا مؤثر نظام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی مدد اور بحالی قومی اور ریاستی ذمہ داری ہے، پاکستان امن، انصاف، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے عزم پر قائم ہے

مزید خبریں