مولانا فضل الرحمان کا بیان شہداء کی قربانیوں کی توہین ہے، وزیردفاع خواجہ محمد آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان شہداء کی قربانیوں کی توہین ہے اور فوجی جوانوں کی وطن کے لیے دی گئی قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا شہداء اور ان کے اہل خانہ کی دل آزاری کے مترادف ہے۔

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان شہداء کی قربانیوں کی توہین ہے ،فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاست دان اور ممتازمذہبی رہنما ہیں،ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے، فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی شخص محض تنخواہ کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی نہیں دیتا،جان کی قربانی کے پیچھے کسی نظریے،عقیدے، فرض اور وطن سے گہری وابستگی ہوتی ہے، آپ حالات و واقعات یا طریقہ کار سے اختلاف کر سکتے ہیں مگر اس نظریے، وابستگی، محبت اور قربانی کی توہین نہیں کر سکتے۔وزیردفاع نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور پاک فوج سمیت دیگر اداروں کے جوان اور شہری شہادتیں دے رہے ہیں، ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے،مولانا صاحب نے صرف ایک ادارے کو نہیں، ہزاروں شہداء،غازیوں،بیوائوں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔

مزید خبریں