فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ کاشتکار مونگ و ماش کی اچھی پیداوار کےلئے آبپاشی کے خاص خیال سمیت جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی یقینی بنا ئیں، مونگ و ماش کی بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے تدارک کےلئے بھی مناسب حکمت عملی اختیارکی جائے تاکہ بعد ازاں کسی نقصان کااندیشہ نہ رہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مونگ وماش کی فصل کو تین پانی درکار ہوتے ہیں جن میں سے پہلا پانی اگاؤ کے تین ہفتے بعد، دوسرا پھول نکلنے اور تیسرا پانی پھلیاں بننے پر دیاجانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاربارش کی صورت میں حسب ضرورت آبپاشی کریں تاہم زیادہ دیر تک پانی کو کھیت میں کھڑ انہ ہونے دیاجائے اور زائد پانی کی صورت میں اس کے نکاس کےلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔