پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے مون سون سیزن کے دوران شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث مری اور گردونواح میں پھسلن، ٹریفک حادثات، لینڈ سلائیڈنگ، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور دیگر ہنگامی صورتحال کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے لہٰذا حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
مون سون سیزن، شہری اور سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ریسکیو 1122 مری کی ہدایت

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 21 جولائی (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے مون سون سیزن کے دوران شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث مری اور گردونواح میں پھسلن، ٹریفک حادثات، لینڈ سلائیڈنگ، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور دیگر ہنگامی صورتحال کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے لہٰذا حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ریسکیو 1122 مری کے مطابق بارش کے دوران گاڑی چلاتے وقت رفتار کم رکھی جائے، مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے اور پھسلن کے باعث گاڑی بے قابو ہونے یا بریک فیل ہونے جیسے خطرات کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے ڈرائیونگ کی جائے۔
پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد موسمی صورتحال اور سڑکوں کی حالت سے آگاہی حاصل کرنے کے بعد ہی سفر کریں جبکہ خراب موسم میں غیر ضروری نقل و حرکت سے حتی الامکان اجتناب کیا جائے۔ترجمان ریسکیو 1122 نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات، بلند درختوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں۔ برساتی ندی نالوں، تیز بہاؤ والے پانی اور نشیبی علاقوں میں جانے یا پانی عبور کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے قیمتی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح ایسے علاقوں میں رہائش یا تعمیرات سے بھی گریز کیا جائے جہاں لینڈ سلائیڈنگ یا سیلابی صورتحال کا خدشہ موجود ہو۔
ریسکیو 1122 مری نے مزید ہدایت کی ہے کہ شہری پرانے، خستہ حال اور بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں اور بارش کے پانی کی مناسب نکاسی کا مؤثر انتظام یقینی بنائیں تاکہ عمارتوں کو نقصان اور دیگر حادثات سے بچا جا سکے۔ بارش اور نمی کے باعث بجلی کے آلات، ٹوٹی ہوئی تاروں اور دھاتی اشیاء میں کرنٹ آنے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے اس لیے بجلی کے کھمبوں، متاثرہ تاروں اور پانی میں موجود برقی آلات سے ہر صورت دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ریسکیو 1122 مری نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون سیزن کے دوران جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں، اپنی اور دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو کی ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔







