موٹروے پولیس کے زیر اہتمام مقامی یونیورسٹی گوجرانوالہ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار

موٹروے پولیس سنٹرل ون زون کے زیر اہتمام مقامی یونیورسٹی گوجرانوالہ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

لاہور۔24جون (اے پی پی):موٹروے پولیس سنٹرل ون زون کے زیر اہتمام مقامی یونیورسٹی گوجرانوالہ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ ڈرائیونگ اور ذمہ دارانہ رویے اپنانے سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ سیمینار کے دوران طلبہ کو ٹریفک قوانین، روڈ سائنز، پیدل چلنے والوں کے حقوق، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال سمیت مختلف حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی عمران شاہد نے یونیورسٹی میں منشیات آگاہی مہم کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے طلبہ کے تیار کردہ آگاہی خاکوں، معلوماتی نمائش اور تخلیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے خلاف معاشرتی شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈی آئی جی عمران شاہد نے کہا کہ منشیات اور ٹریفک حادثات دونوں نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔سیمینار کے اختتام پر نوجوانوں کو روڈ سیفٹی، صحت مند طرزِ زندگی اور سماجی ذمہ داری کا پیغام دیا گیا۔