مکہ دفاعی معاہدہ سے پاکستان کے عالمی وقاروسفارتی کامیابیوں میں اضافہ ہوگا، محمد حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اور موثر خارجہ پالیسی کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے

لاہور۔9اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اور موثر خارجہ پالیسی کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اتوار کو پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی مضبوط علامت ہے۔محمد حنیف عباسی نے مزیدکہا کہ اس معاہدے سے پاکستان کے عالمی وقار، دفاعی صلاحیت اور سفارتی کامیابیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس تاریخی پیش رفت پر پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر کامیابی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مشترکہ دفاع، علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

مزید خبریں