میٹا کے امریکا میں "فیسٹرا” کمپنی کے تین ایٹمی پاور پلانٹس سے بجلی خریدنے کے لیے 20 سالہ معاہدوں پر دستخط

نیویارک ۔13جنوری (اے پی پی):میٹا کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے وسطی امریکا میں "فیسٹرا" کمپنی کے تین ایٹمی پاور پلانٹس سے بجلی خریدنے کے لیے 20 سالہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔العربیہ کے مطابق ان دو کمپنیوں کے ساتھ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے بھی معاہدے کیے ہیں جو چھوٹے ماڈیولر ایٹمی ری ایکٹرز بنانے کی امید رکھتی ہیں۔ میٹا اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں طویل مدت …

نیویارک ۔13جنوری (اے پی پی):میٹا کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے وسطی امریکا میں "فیسٹرا” کمپنی کے تین ایٹمی پاور پلانٹس سے بجلی خریدنے کے لیے 20 سالہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔العربیہ کے مطابق ان دو کمپنیوں کے ساتھ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے بھی معاہدے کیے ہیں جو چھوٹے ماڈیولر ایٹمی ری ایکٹرز بنانے کی امید رکھتی ہیں۔ میٹا اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں طویل مدت کے لیے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہیں کیونکہ ڈیٹا سینٹرز اور مصنوعی ذہانت کی وجہ سے دو دہائیوں میں پہلی بار امریکہ میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔

کمپنی نے اپنے بلاگ میں کہا ہے کہ وہ ریاست اوہائیو میں فیسٹرا کمپنی کے پیری اور ڈیوس- بیس پلانٹس اور ریاست پنسلوانیا میں بیور ویلی پلانٹ سے بجلی خریدے گی۔ میٹا نے مزید کہا کہ یہ ڈیل اوہائیو کے دو پلانٹس کی توسیع کے لیے فنڈز کی فراہمی اور ان پلانٹس کی عمر بڑھانے میں مدد دے گی جنہیں کم از کم 2036 تک کام کرنے کی اجازت ہے۔ بیور ویلی پلانٹ کے دو ری ایکٹرز میں سے ایک کا لائسنس 2047 تک ہے۔ میٹا ان چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز کو تیار کرنے میں بھی مدد کرے گی جن کا منصوبہ ارب پتی بل گیٹس کے تعاون سے چلنے والی کمپنیوں "اوکلو” اور "ٹیرا پاور” نے بنایا ہے۔چھوٹے ماڈیولر ایٹمی ری ایکٹرز چھوٹے سائز کے ری ایکٹرز ہیں جنہیں ضرورت کے مطابق جوڑا جا سکتا ہے۔

چھوٹے ماڈیولر ایٹمی ری ایکٹرز کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ مستقبل میں اخراجات کی بچت کریں گے کیونکہ انہیں تعمیراتی مقامات کے بجائے فیکٹریوں میں بنایا جا سکتا ہے۔ ناقدین کا خیال ہے کہ انہیں موجودہ بڑے ری ایکٹرز کی طرح بڑے پیمانے پر بچت حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہوگا۔امریکہ میں اس وقت تجارتی طور پر کوئی بھی چھوٹا ماڈیولر ایٹمی ری ایکٹر زیرِ استعمال نہیں ہے اور ان پلانٹس کو لائسنس کی ضرورت ہوگی۔ میٹا کے عالمی امور کے سربراہ جوئیل کپلن نے کہا ہے کہ یہ منصوبے، گزشتہ سال "کونسٹیلیشن” کمپنی کے ساتھ ایلی نوائے میں ایک ری ایکٹر کو 20 سال تک فعال رکھنے کے معاہدے کے ساتھ مل کر، میٹا کو امریکی تاریخ میں ایٹمی توانائی خریدنے والی اہم ترین کمپنیوں میں سے ایک بنا دیں گے۔

میٹا نے بتایا کہ یہ معاہدے 2035 تک 6.6 گیگا واٹ تک ایٹمی توانائی فراہم کریں گے۔ واضح رہے ایک نمونہ ایٹمی ری ایکٹر کا سائز تقریباً ایک گیگا واٹ ہوتا ہے۔ سال 2024 میں میٹا نے ایٹمی توانائی کے ڈویلپرز سے 1 سے 4 گیگا واٹ ایٹمی توانائی کی فراہمی کے لیے پیشکشیں طلب کی تھیں۔میٹا کمپنی ’’ ٹیرا پاور ‘‘ کی جانب سے 2032 تک 690 میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے والے دو ری ایکٹرز کی تیاری کی فنڈنگ میں حصہ ڈالے گی۔ یہ معاہدہ میٹا کو 2035 تک ٹیرا پاور کے چھ مزید ری ایکٹرز سے بجلی حاصل کرنے کا حق بھی دیتا ہے۔ میٹا نے کہا ہے کہ "اوکلو” کمپنی کے ساتھ اس کی شراکت داری 2030 تک ریاست اوہائیو میں 1.2 گیگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے میں مدد دے گی۔