نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تمام صوبوں اور خطوں میں ترقیاتی ترجیحات کی منظوری دی گئی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ قومی ترقی کے اقدامات کو مضبوط بنانے اور انفراسٹرکچر سمیت سماجی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ دی گئی۔ بیان کے مطابق کلیدی اقدامات میں ایم ایل ون کا تفصیلی ڈیزائن، حویلیاں ڈرائی پورٹ، لواری ٹنل تک رسائی کے کام، تھر کول ریل کنیکٹیویٹی، کچھی کینال، خیبرپختونخوا کے آبپاشی نظام میں بہتری، جناح ہسپتال اسلام آباد، سندھ ہیومن کیپیٹل 1000 ڈےز پروگرام، سندھ فلڈ ری ہیبیلیٹیشن سپورٹ اور دیامرل باشا کے انتظامات شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم نے اجلاس کے دوران بنیادی ڈھانچے کی ترقی، بہتر عوامی خدمات، علاقائی توازن اور طویل مدتی اقتصادی ریزیلینس پر حکومت کی مسلسل توجہ کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ و ریونیو، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، وزیر منصوبہ بندی پنجاب، وزیر آبپاشی سندھ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، سیکرٹری صحت، سیکرٹری پانی، سیکرٹری پلاننگ اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔