نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت او آئی سی کی خواتین سے متعلق 9 ویں وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کی نگرانی کرنے والی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس

اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق 9 ویں وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کی نگرانی کرنے والی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کی۔

پاکستان اس اہم کانفرنس کی میزبانی 12 اور 13 جولائی 2026ء کو کرے گا۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کانفرنس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں کانفرنس کے مقام، پروگرام، غیر ملکی وفود کی سہولت کاری، پروٹوکول، سکیورٹی، لاجسٹکس، میڈیا انتظامات اور مختلف وزارتوں کے درمیان رابطہ کاری سمیت تمام انتظامی امور کا احاطہ کیا گیا تاکہ کانفرنس کے کامیاب، منظم اور خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے تیاریوں کے آخری مرحلے میں تمام انتظامات کو بلا نقص و خامی مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل طور پر متحرک رہیں، باہمی رابطے کو مزید موثر بنائیں اور تمام باقی ماندہ امور مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق صباء صادق، وزارت انسانی حقوق اور کابینہ ڈویژن کے وفاقی سیکریٹریز جبکہ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں