نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے وزیر ڈاکٹر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے گزشتہ شام ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے بچوں، خواتین اور سماجی بہبود کے وزیر ڈاکٹر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے گزشتہ شام ملاقات کی۔

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے بچوں، خواتین اور سماجی بہبود کے وزیر ڈاکٹر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے گزشتہ شام ملاقات کی۔

منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے نویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آمد پر ڈاکٹر زاہد حسین کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کانفرنس میں بنگلہ دیش کی شرکت کو سراہتے ہوئے او آئی سی کے فریم ورک اور اس سے آگے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گزشتہ سال اگست میں اپنے ڈھاکہ کے دورے کو یاد کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کی آمادگی پر کو اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، تعلیم، سماجی بہبود اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔