نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات، چین کا پاکستان کے امن کیلئے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے بھرپور حمایت کا اعادہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات، چین کا پاکستان کے امن کیلئے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے بھرپور حمایت کا اعادہ

نیویارک ۔28مئی (اے پی پی):چین نے پاکستان کے امن کیلئے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے سمیت دنیا میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنمائوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے حالیہ کامیاب دورہ چین نیز پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا بھی ذکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور سٹریٹجک تعاون کو اجاگر کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ، اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری اور اقوام متحدہ پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے کے موضوع پر کھلے مباحثہ میں شرکت کیلئے نیو یارک کے دورے پر گئے تھے ۔ یہ مباحثہ 26 مئی کو سلامتی کونسل کی چینی صدارت کے تحت منعقد ہوا تھا۔