ناران انتظامیہ کی بابوسر ٹاپ جانے وا لوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری ،غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

ناران انتظامیہ کی بابوسر ٹاپ جانے وا لوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری ،غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):ناران کے ضلعی حکام نے بابوسر ٹاپ کے لیے جاری ٹریول ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹ آپریٹرز پر زور دیا گیا ہے کہ احتیاط برتیں اور مسلسل برف باری اور سڑک کی خطرناک صورتحال کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک خصوصی ٹریول ایڈوائزری میں کہا ہے کہ علاقے میں جاری برف باری سے مسافروں کے لیے شدید مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہاڑی درے کی طرف کسی بھی نقل و حرکت کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے موسم کی تازہ صورتحال کی تصدیق کریں۔ ایڈوائزری کے مطابق بابوسر ٹاپ روٹ اور ملحقہ علاقوں پر مسلسل برف باری کی وجہ سے ٹریفک میں نمایاں طور پر خلل پڑا ہے جبکہ سڑک کے بعض حصوں کو فی الحال صرف یک طرفہ ٹریفک کےلئے محدود رکھا گیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا کہ برفباری میں شدت اور حد نگاہ میں کمی کی وجہ سے شام 6 بجے کے بعد سفر انتہائی خطرناک ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برفیلی سڑکیں، بریک فیل ہو نا،گلیشئرز کی حرکات ، چٹانوں کا گرنا اور ممکنہ لینڈ سلائیڈز اجتماعی طور پر جان اور املاک کےلئے شدید خطرات کا سبب بن سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے سیاحوں، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور عوام سے اپیل کی کہ آئندہ نوٹس تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔