کراچی۔22 جون(اے پی پی) ملک کے نامور شیعہ عالم دین اور ذاکر علامہ طالب جوہری گذشتہ شب انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 81سال تھی اور وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ان کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے ریاض جوہری نے کی۔ مرحوم کی نمازہ جنازہ (آج) پیر کو بعد نماز ظہرین امروہہ گرائونڈ انچولی (انچولی امام بارگاہ سے متصل گرائونڈ) میں ادا کی جائے گی …
نامور عالم دین اور ذاکر علامہ طالب جوہری 81سال کی عمرمیں کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے
کراچی۔22 جون(اے پی پی) ملک کے نامور شیعہ عالم دین اور ذاکر علامہ طالب جوہری گذشتہ شب انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 81سال تھی اور وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ان کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے ریاض جوہری نے کی۔ مرحوم کی نمازہ جنازہ (آج) پیر کو بعد نماز ظہرین امروہہ گرائونڈ انچولی (انچولی امام بارگاہ سے متصل گرائونڈ) میں ادا کی جائے گی اور وادی حسین قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔ وہ گذشتہ کئی دنوں نے ہسپتال میں داخل تھے ، امراض قلب میں مبتلا ہونے کی وجہ سے آئی سی یو میں وینٹیلیٹر پر تھے۔علامہ طالب جوہری شاعر بھی تھے ۔انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ ایک فلسفی کے طور پر بھی جانے جاتے تھے اورانہوں نے متعدد کتابیں بھی لکھیں۔علامہ طالب جوہری 27 اگست 1938 کو ہندوستان کے شہر پٹنہ میں پیدا ہوئے، ان کے والد مولانا محمد مصطفی جوہر ایک ممتاز سکالر اور اردو کے شاعر تھے جو رسول اللہ ۖ کے گھرانے سے متعلق غیر معمولی شاعری کے لئے مشہور تھے۔علامہ طالب جوہری نے آیت اللہ العظمی سید ابو القاسم الخوئی کے زیر اہتمام عراق کے شہر نجف میں الہیات کی تعلیم حاصل کی۔ وہ آیت اللہ شہید سید باقر الصدر کے شاگرد اورآیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے ہم جماعت تھے ۔ علامہ ذیشان حیدر جوادی بھی ان کے ہم جماعتوں میں شامل رہے۔ کئی نسلیں ان کی مجلس سن کر پروان چڑھیں اور وہ شامِ غریباں کے لئے پاکستان کے سب سے نمایاں ذاکر تھے ۔علامہ طالب جوہری کے انتقال پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایک عظیم عالم دین سے محروم ہوگئے۔ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ طالب جوہری ایک عہد تھے جو مکمل ہوا، وہ حافظ قرآن، مفسرِ قرآن، مصنف اور شاعر تھے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنمائوں خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ طالب جوہری جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔









