6 ستمبر قومی تاریخ میں عزم، بہادری اور بے مثال قربانیوں کی علامت ہے ، قیصر احمد شیخ

:وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں عزم، بہادری اور بے مثال قربانیوں کی علامت ہے۔سرمایہ کاری بورڈ سے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدا و غازیانِ وطن کی قربانیاں پاکستان کے لیے عظیم قومی سرمایہ ہیں، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں …

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں عزم، بہادری اور بے مثال قربانیوں کی علامت ہے۔سرمایہ کاری بورڈ سے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدا و غازیانِ وطن کی قربانیاں پاکستان کے لیے عظیم قومی سرمایہ ہیں، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء میں پاک افواج اور قوم نے اتحاد و یکجہتی سے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے،افواج کی شجاعت، جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں قومی اتحاد، نظم و ضبط اور وطن سے وفاداری کا درس دیتا ہے، پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ مضبوط معیشت اور مستحکم پاکستان شہدا کے عظیم مشن کو آگے بڑھانے کا ذریعہ ہے، شہدا کے خوابوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے لیے پوری قوم کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیاں ہمیں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مزید عزم عطا کرتی ہیں۔