وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نےکہا ہے کہ 6 ستمبر ہمیں شہدا کی عظیم قربانیوں اور قومی یکجہتی کی یاد دلاتا ہے۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق یومِ دفاعِ پاکستان پر قوم کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر دن ہے،1965 میں پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے قومی اتحاد کا مثالی مظاہرہ کیا۔
چھ ستمبر ہمیں شہدا کی عظیم قربانیوں اور قومی یکجہتی کی یاد دلاتا ہے،وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی کا یومِ دفاعِ پاکستان پر قوم کے نام پیغام
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نےکہا ہے کہ 6 ستمبر ہمیں شہدا کی عظیم قربانیوں اور قومی یکجہتی کی یاد دلاتا ہے۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق یومِ دفاعِ پاکستان پر قوم کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر دن ہے،1965 میں پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے قومی اتحاد کا مثالی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمارے قومی کردار اور عزم کی روشن مثال ہیں۔ خالد حسین مگسی نے کہا کہ معرکہ حق میں مسلح افواجِ پاکستان نے جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ میں مسلح افواج کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام و ریاستی اداروں کے درمیان باہمی اعتماد ملکی استحکام کی بنیاد ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معیاری تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کا فروغ مضبوط پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔ خالد حسین مگسی نے کہا کہ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری پاکستان کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔








