ناٹنگھم۔12فروری (اے پی پی):انگلش پریمیئر لیگ کے کلب ناٹنگھم فاریسٹ نے ہیڈ کوچ شان ڈائچ کو محض 114 دن بعد عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ کلب انتظامیہ اپنے جاری بیان میں برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شان ڈائچ اور ان کے معاون عملے کی خدمات پر شکریہ ادا کیا جاتا ہے، تاہم اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔بی بی سی کے مطابق 54 سالہ …
ناٹنگھم فاریسٹ نے شان ڈائچ کو 114 دن بعد برطرف کر دیا، سیزن کے چوتھے کوچ کی تلاش شروع

مزید خبریں
ناٹنگھم۔12فروری (اے پی پی):انگلش پریمیئر لیگ کے کلب ناٹنگھم فاریسٹ نے ہیڈ کوچ شان ڈائچ کو محض 114 دن بعد عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ کلب انتظامیہ اپنے جاری بیان میں برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شان ڈائچ اور ان کے معاون عملے کی خدمات پر شکریہ ادا کیا جاتا ہے، تاہم اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔بی بی سی کے مطابق 54 سالہ شان ڈائچ کو اکتوبر میں اینجے پوستیکوغلو کی جگہ تعینات کیا گیا تھا اور ان کے ساتھ 2027 تک کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ تاہم حالیہ خراب نتائج، خصوصاً لیگ کے نچلے درجے کی ٹیم وولوز کے خلاف بغیر گول کے برابر میچ، ان کی برطرفی کا سبب بنے۔
فاریسٹ اس وقت ریلیگیشن زون سے صرف تین پوائنٹس اوپر ہے اور سیزن کے اختتام میں 12 میچز باقی ہیں۔رواں سیزن میں کلب کی انتظامی صورتحال غیر مستحکم رہی ہے۔ نونو ایسپریتو سانتو کو محض تین میچوں کے بعد فارغ کیا گیا، جبکہ ان کے جانشین پوستیکوغلو صرف 39 دن تک ذمہ داریاں نبھا سکے۔ شان ڈائچ کی برطرفی کے بعد ناٹنگھم فاریسٹ رواں سیزن میں چوتھا مستقل منیجر مقرر کرنے کے قریب ہے، جو پریمیئر لیگ کی تاریخ میں ایک غیر معمولی مثال ہوگی۔شان ڈائچ نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ابتدائی 7میچوں میں 4 فتوحات اور ایک ڈرا کے ساتھ ٹیم کو تنزلی کے زون سے باہر نکالا، تاہم تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔
ٹیم کو 4 مسلسل شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ بعد ازاں ویسٹ ہیم یونائیٹڈکے خلاف فتح اور آرسنل کے خلاف ڈرا سمیت 4 میچوں میں ناقابلِ شکست رہنے کا سلسلہ بھی دیکھنے میں آیا۔یورپی محاذ پر ناٹنگھم فاریسٹ نے یوروپا لیگ کے گروپ مرحلے میں 13ویں پوزیشن حاصل کر کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی، جہاں رواں ماہ ترک کلب فینرباہچے کے خلاف دو طرفہ مقابلہ شیڈول ہے۔ تاہم ڈومیسٹک کپ مقابلوں میں ٹیم پہلے ہی باہر ہو چکی ہے۔کلب کی انتظامیہ کے لیے اب سب سے بڑا چیلنج سیزن کے نازک مرحلے میں استحکام لانا اور ٹیم کو تنزلی سے بچانا ہے، جبکہ نئے کوچ کی تقرری آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔








