سینئر وزیر مریم اور نگزیب کی قیادت میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب بلاامتیاز صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں کے غیرقانونی شکار کی روک تھام کیلئے بدستور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
نایاب جنگلی جانورنیل گائے اور گیدڑ کے غیرقانونی شکار پر 6ملزمان گرفتار

مزید خبریں
لاہور۔1جون (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اور نگزیب کی قیادت میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب بلاامتیاز صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں کے غیرقانونی شکار کی روک تھام کیلئے بدستور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان کیمطابق وائلڈلائف رینجرز ضلع نارووال اور چکوال نے نایاب جنگلی جانورنیل گائے اور گیدڑ کے غیرقانونی شکار پر 6ملزمان گرفتار کرکے نیل گائے کے شکاری کیخلاف ایف آئی آر اور قانونی چارہ جوئی کاآغاز کردیا جبکہ دیگر 5شکاریوں کو مبلغ ایک لاکھ 35ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے کیس نمٹادئیے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرگوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز نارووال نے ایک خفیہ اطلاع اور تصاویر ی مواد ملنے کے بعد تحصیل ظفر وال کے ایک مضافاتی گائوں میں چھاپہ مار کر مکمل شناخت کے بعد ملزم حمید رضاظفروال کو گرفتار کرکے تھانہ لیسر پولیس کے حوالے کیا اور ملزم کے خلاف ایف آئی آر اور قانونی چارہ جوئی کاآغاز کردیا ۔ اسی طرح کی چند دیگر کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع چکوال مرزا عابد حسین نے ایڈیشنل چیف وائلڈلائف رینجر نارتھ ڈاکٹر مصباح سرور اور ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر سالٹ رینج ریجن رائے زاہد علی خان کی ہدایت پر گیدڑ کے غیرقانونی شکار میں مشغول 5شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے تمام ملزمان کو ایک لاکھ 35ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا ۔








