پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چنیوٹ کے ممتاز رہنما سید کلیم علی امیر نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک اور مسعود موقع پر پوری امتِ مسلمہ بالخصوص اہلیان چنیوٹ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے
نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے رحمتِ کاملہ اور ہدایت کا سرچشمہ ہے، سید کلیم علی امیر

مزید خبریں
چنیوٹ۔ 25 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چنیوٹ کے ممتاز رہنما سید کلیم علی امیر نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک اور مسعود موقع پر پوری امتِ مسلمہ بالخصوص اہلیان چنیوٹ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے رحمتِ کاملہ اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی بابرکت زندگی، آپ کے اسوہ حسنہ اور اعلیٰ اخلاقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم بحیثیت فرد اور قوم دنیا و آخرت میں حقیقی سرفرازی، کامیابی اور کامرانی حاصل کر سکتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سید کلیم علی امیر کا مزید کہنا تھا کہ آج کے اس پرفتن دور میں درپیش تمام چیلنجز اور مسائل کا حل سیرتِ محمدی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے میں مضمر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن ہمیں اتحاد، رواداری، اخوت، اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت و شفقت کے ساتھ رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس با برکت مہینے اور مقدس دن کے صدقے ہمارے ملک میں امن، سلامتی، خوشحالی اور بھائی چارے کی فضائیں قائم فرمائے اور ہم سب کو آقا دو عالم ﷺ کے نقشِ قدم پر سچے دل سے چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔








