نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر کا ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے مختلف شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کاوشوں کے نتیجے میں ڈیرہ اسماعیل خان ائیرپورٹ سے کمرشل پروازوں کی بحالی اور توسیع کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کاوشوں کے نتیجے میں ڈیرہ اسماعیل خان ائیرپورٹ سے کمرشل پروازوں کی بحالی اور توسیع کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے مختلف شہروں کے لیے باقاعدہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس سلسلے میں ساؤتھ ایئر کے وفد نے کنور محمد طارق کی سربراہی میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ۔اس موقع پرگورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے پروازوں کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ساؤتھ ایئر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نئی ایئرلائنز کی آمد سے نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان میں سیاحت کا اہم مرکز ہے، تاہم صوبے کے کئی اہم علاقے اب بھی مناسب فضائی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پشاور سے کراچی، لاہور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں کے لیے پروازوں کا آغاز صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے گا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نئی فضائی سروسز سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور کاروباری طبقے کو بھی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے ساؤتھ ایئر کو خیبر پختونخوا میں خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایئرلائن کی پروازیں صوبے میں کامیاب ثابت ہوں گی۔اس موقع پر ساؤتھ ایئر کے وفد کے سربراہ کنور محمد طارق نے بتایا کہ کمپنی نے تمام آپریشنل، تکنیکی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور جلد ہی مختلف روٹس پر باقاعدہ فلائٹ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔

مزید خبریں