نجی چینل سے نکالے جانے والے ورکروں کے بقایا جات کی ادائیگی عید سے قبل یقینی بنائی جائے گی، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ایک نجی چینل سے نکالے جانے والے ورکروں کے بقایا جات کی ادائیگی عید سے قبل یقینی بنائی جائے گی۔

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ایک نجی چینل سے نکالے جانے والے ورکروں کے بقایا جات کی ادائیگی عید سے قبل یقینی بنائی جائے گی۔جمعہ کو قومی اسمبلی پریس گیلری سے پی آر اے نے واک آئوٹ کیا۔بعدازاں ڈپٹی سپیکر نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو کہا کہ وہ میڈیا کے نمائندوں سے اس بارے میں تفصیلات لیں۔شازیہ مری نے کہا کہ میڈیا نے واک آئوٹ کیاتھا،وہاں پر وفاقی وزیر اطلاعات نے بڑا اہم اعلان کیا تھا۔ادارے کے اشتہارات دوبارہ شروع کرنے کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس ادارے نے دوبارہ ملازمین کو نکال دیا۔ان کی سپورٹ کرنا ہم سب کا کام ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس مسئلہ پر عطاء تارڑ میڈیا کے پاس گئے انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی اور انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ ان کے بقایا جات عید سے قبل ادا کردیئے جائیں گے۔اب جو صورتحال ہے اس بارے میں متعلقہ وزیر کے نوٹس میں لایا جائے گا۔