نسٹ کے زیر اہتمام ڈیجیٹل مستقبل اور تبدیلیاتی ٹیکنالوجیز سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس 17 اور 18 نومبر کو منعقد ہوگی

نسٹ کے زیر اہتمام ڈیجیٹل مستقبل اور تبدیلیاتی ٹیکنالوجیز سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس 17 اور 18 نومبر کو منعقد ہوگی

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے سکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنس (ایس ای ای سی ایس) کے زیر اہتمام ڈیجیٹل مستقبل اور تبدیلیاتی ٹیکنالوجیز سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس آئی کو ڈی ٹی ٹو 2026 17 اور 18 نومبر کو نسٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔کانفرنس کا موضوع ”ترقی پذیر اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل“ ہے جس میں دنیا بھر سے محققین، صنعتی ماہرین، پالیسی ساز، طلبہ اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ماہرین شرکت کریں گے۔

کانفرنس کا مقصد محققین، صنعت کے رہنماؤں، پالیسی سازوں اور جدت کاروں کو ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ خیالات اور تحقیق کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ابھرتی اور تبدیلیاتی ٹیکنالوجیز کے ذریعے جامع، پائیدار اور خوشحال ترقی کے امکانات کا جائزہ لے سکیں۔

کانفرنس کے اہم موضوعات میں سیمی کنڈکٹرز و مائیکرو الیکٹرانکس، روبوٹکس و خودکاری، چھٹی نسل اور اگلی نسل کی رابطہ کاری، سائبر سکیورٹی و پرائیویسی، انٹرنیٹ آف تھنگز، ایج و کلاؤڈ کمپیوٹنگ، کوانٹم و ابھرتی ٹیکنالوجیز، ذہین و سمارٹ نظام اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں۔ کانفرنس سے معروف ماہرین کلیدی خطابات کریں گے جن میں انٹیل کے سینئر فیلو ڈاکٹر طاہر غنی، جرمن ریسرچ سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبہ تحقیق کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر پال لوکووٹز اور نارتھمبریا یونیورسٹی برطانیہ کے پروفیسر محمد وکی شہزاد شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق کانفرنس کے دوران جدید تحقیق اور اختراعات کے تبادلے، صنعت و اکیڈمیا کے درمیان تعاون، پالیسی مکالمے، ٹیکنالوجی منتقلی اور پائیدار و جامع ڈیجیٹل مستقبل کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔ کانفرنس میں صنعتی ماہرین، ٹیکنالوجی رہنماؤں، جدت کاروں، پالیسی سازوں، سرکاری نمائندوں، طلبہ، فیکلٹی ارکان اور محققین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

مزید خبریں